کولمبو:
سری لنکا میں آج ہونے والے طویل بجلی بریک ڈاؤن کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئے، جبکہ ابتدائی طور پر اس کی وجہ ایک بندر کو قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، ملک بھر میں بجلی کی عدم فراہمی سے اسپتالوں میں متعدد آپریشنز منسوخ کرنا پڑے، جبکہ کاروباری اور گھریلو سرگرمیاں بھی مفلوج ہو کر رہ گئیں۔
سری لنکن حکام کے مطابق، جنوبی کولمبو میں سیلون الیکٹرسٹی بورڈ کے گرڈ اسٹیشن میں صبح 11 بجے تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے بعد انجینئرز اور عملے نے تین گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد بجلی بحال کی۔ تاہم، اب بھی کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں، جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ حکام نے بجلی کے اس بڑے بریک ڈاؤن کی ذمہ داری ایک بندر پر ڈال دی ہے۔ وزیر توانائی کمارا جیاکوڈے کے مطابق، گرڈ اسٹیشن میں ایک بندر داخل ہوگیا تھا، جس نے آلات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، بندر کی مبینہ شرارت کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
Leave a Reply