Advertisement

عید الفطر کب ہوگی؟ سپارکو نے شوال کے چاند پر پیش گوئی جاری کر دی

سپارکو نے شوال المکرم 1446 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیش گوئی جاری کر دی۔

سپارکو کے سرکاری بیان میں سائنسی تجزیوں، فلکیاتی حسابات اور جدید مشاہداتی ڈیٹا کی بنیاد پر شوال کے چاند کے نظر آنے کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

فلکیاتی ماڈلز کے مطابق، شوال کا نیا چاند 29 مارچ 2025 کو پاکستان معیاری وقت کے مطابق 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پائے گا۔ تاہم، چاند کی رویت کا دارومدار کئی عوامل پر ہوگا، جن میں چاند کی عمر، سورج سے زاویائی فاصلہ، غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی بلندی اور ماحولیاتی حالات شامل ہیں۔

30 مارچ 2025 (29 رمضان) کے سائنسی تجزیے کے مطابق:

غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی۔

چاند اور سورج کے درمیان زاویائی فاصلہ 16 ڈگری ہوگا۔

غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی بلندی 14 ڈگری جبکہ روشنی 2 فیصد ہوگی۔

ماہرین کے مطابق، ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے، 30 مارچ 2025 کو پاکستان میں چاند واضح طور پر نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اس پیش گوئی کی بنیاد پر رمضان کے 29 دن مکمل ہونے کی توقع ہے اور عید الفطر 31 مارچ 2025 کو منائی جائے گی۔

سعودی عرب میں چاند کی رویت:
29 مارچ 2025 کو سعودی عرب میں چاند کے نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں کیونکہ مکہ میں غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر محض 5 گھنٹے ہوگی۔ اس کے پیش نظر، سعودی عرب اور مشرقِ وسطیٰ میں بھی چاند 30 مارچ 2025 کو نظر آنے کا امکان ہے، اور وہاں بھی عید الفطر 31 مارچ 2025 کو منائی جائے گی۔

سپارکو کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ عید الفطر کے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی گواہیوں کا جائزہ لے کر شوال 1446 ہجری کے چاند کا باضابطہ اعلان کرے گی۔

ترجمان سپارکو کے مطابق، سائنسی تجزیے 30 مارچ 2025 کو چاند کے نظر آنے کی تصدیق کرتے ہیں، لیکن رویت ہلال کمیٹی کا حتمی فیصلہ مقامی موسمی حالات اور چشم دید گواہیوں پر منحصر ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *