سوئس ڈاکٹرز نے دماغی صحت اور دائمی بیماریوں کے مریضوں کے لیے نیا طریقہ علاج متعارف کروا دیا
سوئٹزرلینڈ میں ڈاکٹرز دماغی صحت کے مسائل اور دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے علاج کی روایتی حدود سے آگے بڑھ کر ایک منفرد طریقہ اپنا رہے ہیں، جس میں پارکس، آرٹ گیلریوں اور عجائب گھروں کے دورے تجویز کیے جا رہے ہیں۔
مغربی سوئٹزرلینڈ کے شہر نیوچیٹیل میں ڈاکٹروں کے تعاون سے ایک ایسا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ذہنی مسائل سے دوچار افراد کی مدد کرنا اور ان میں جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
پروگرام میں شامل نیوچیٹیل کی ڈاکٹر پیٹریشیا لیہمن کے مطابق، ایسے افراد جو کبھی کبھار دماغی صحت کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں، ان کے لیے یہ تفریحی دورے نہ صرف پریشانیوں، تکلیفوں اور بیماریوں سے کچھ دیر کے لیے نجات کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ انہیں نئے اور خوشگوار تجربات فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، “مجھے یقین ہے کہ جب ہم لوگوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہیں، تو کسی نہ کسی طرح ان کی صحت یابی میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔”
اس منفرد پروگرام کے تحت شہریوں کو 500 طبی نسخے فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے وہ تین عجائب گھروں اور شہر کے بوٹینیکل گارڈن سمیت چار مقامات کے مفت دورے کر سکیں گے۔
یہ اقدام دماغی صحت کے مریضوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ان کی ذہنی سکون میں بہتری آئے گی بلکہ انہیں قدرتی اور ثقافتی ماحول کے قریب آنے کا موقع بھی ملے گا۔
Leave a Reply