Advertisement

انٹرنیٹ پر ’ہتک آمیز‘ مواد شیئر کرنے کا معاملہ: عمران ریاض اور شہباز گِل سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر محمد بن زاید النہیان اور پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے خلاف آرٹیفشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی مدد سے بنایا گیا ’انتہائی ہتک آمیز‘ مواد شیئر کرنے پر پانچ مزید افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

 ایف آئی آرز کے مطابق مقدمات میں نامزد کیے جانے والے افراد میں یوٹیوبر عمران ریاض خان اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے حکام نے تصدیق کی ہے کہ مقدمات میں نامزد دیگر تین ملزمان کو لاہور، ملتان اور فیصل آباد سے گرفتار کر کے ان کے موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ’جان بوجھ کر اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئیں جس کا مقصد پاکستان اور بین الاقوامی طاقتوں کے اچھے تعلقات کو خراب کرنا تھا جس سے ہمارے ملک کے قومی مفادات کو ناقابِل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایک سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی۔

مریم نواز کے معاون خصوصی نے اُن کی یو اے ای کے صدر کے ساتھ تصویر اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی جس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ایسی مہم شروع کی گئی جس میں مذکورہ تصویر کو کچھ صارفین نے قابل اعتراض ایڈیٹنگ کر کے وائرل کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *