Advertisement

سلم اور اسمارٹ رہنے کے آسان طریقے

ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سمارٹ اور فٹ نظر آئے۔ خود کو چاق و چوبند رکھنا اگرچہ ناممکن نہیں، لیکن اس کے لیے کچھ محنت اور مستقل مزاجی ضروری ہے۔

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ جاپانی افراد کا وزن کم اور جسم متناسب ہوتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ ان کا متوازن طرز زندگی اور صحت مند خوراک ہے، جو انہیں فٹ اور توانا رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ یہی جاپانیوں کی صحت مند زندگی کا راز بھی ہے۔

وزن کم کرنے میں غذا پر کنٹرول بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ ورزش اس کی افادیت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جاپانی لوگ غذائیت سے بھرپور اور تازہ خوراک کا انتخاب کرتے ہیں، جس میں سبزیاں، خمیر شدہ غذائیں، مچھلی اور سبز چائے شامل ہیں۔

ذیل میں جاپانیوں کے طرزِ زندگی سے متاثر کچھ ایسی عادات کا ذکر کیا جا رہا ہے، جنہیں اپنا کر آپ بھی خود کو سلم اور متحرک رکھ سکتے ہیں۔

1. ہارا ہاچی بو (80 فیصد کھانے کا اصول)

جاپانیوں کا ماننا ہے کہ پیٹ کو مکمل بھرنے کے بجائے صرف 80 فیصد تک کھانے پر اکتفا کرنا چاہیے۔ اس طریقے سے غیر ضروری کیلوریز سے بچا جا سکتا ہے، جو وزن میں اضافے کی بڑی وجہ بنتی ہیں۔

2. کم کیلوریز والی غذائیں

روایتی جاپانی کھانوں میں سبزیاں، کم چکنائی والا گوشت اور ہول گرین شامل ہوتے ہیں، جو وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتے ہیں اور جسم کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔

3. مچھلی اور سی فوڈ کا استعمال

جاپانیوں کی خوراک میں مچھلی اور دیگر سمندری غذائیں اہم حصہ رکھتی ہیں، جو پروٹین اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ غذائیں پٹھوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ میٹابولزم کو بھی بہتر کرتی ہیں۔

4. چھوٹے سائز کے برتنوں کا استعمال

جاپانی لوگ کھانے کے لیے چھوٹے سائز کی پلیٹیں اور پیالے استعمال کرتے ہیں۔ اس سے کم کھانے کی عادت پڑتی ہے اور دماغ کو یہ احساس ہوتا ہے کہ کھانے کی مقدار کافی ہے، جس سے زیادہ کھانے سے بچا جا سکتا ہے۔

5. سبز چائے پینے کی عادت

جاپانی گرین ٹی کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائے رکھتے ہیں۔ اس میں موجود کیٹچنز چربی جلانے میں مدد دیتے ہیں اور نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں۔ کھانے سے پہلے یا بعد میں سبز چائے پینا جسمانی وزن کو متوازن رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

6. زیادہ پیدل چلنا اور ورزش کرنا

جاپانی افراد روزمرہ کے معمولات میں پیدل چلنے اور سائیکلنگ کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس سے جسم فٹ رہتا ہے اور قدرتی طور پر اضافی کیلوریز جلتی ہیں، جس سے وزن میں کمی آتی ہے۔

اگر آپ بھی سلم اور فٹ رہنا چاہتے ہیں تو جاپانیوں کے ان صحت مند اصولوں کو اپنی زندگی میں شامل کریں۔ صحت مند خوراک، متوازن طرزِ زندگی اور روزمرہ کی جسمانی سرگرمیوں کو اپنانا ہی بہترین صحت کا راز ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *