Advertisement

عمران خان کو تنہا چھوڑنا مناسب نہیں، ملاقات کی اجازت دی جائے، فیصل چوہدری

راولپنڈی:

بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل حکام کے رحم و کرم پر تنہا چھوڑنا مناسب نہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ کورٹ آرڈر اور پاور آف اٹارنی جیل انتظامیہ کو بھجوائے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق، جو قیدی انڈر ٹرائل ہوں، ان تک وکلا کی رسائی روکی نہیں جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ اکتوبر میں بھی ملاقاتوں پر پابندی عائد رہی تھی، جس پر انہیں عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح آج کیس کی سماعت ملتوی کی گئی، وہ اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ جج صاحب کی چھٹی کے باعث اتنے اہم کیس کی سماعت 26 اور 27 فروری تک مؤخر کر دی گئی ہے، جو کہ تشویشناک ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی وکلا اور خاندان سے ملاقات اتنے دن تک روکنا انتہائی نامناسب ہے۔

فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی جائے تاکہ پی ٹی آئی کارکنان کو ان کی صحت اور زندگی کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تنہا جیل حکام کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ جیل حکام اپنے معاملات میں مکمل طور پر آزاد نہیں ہیں بلکہ بہت سی جگہوں پر دباؤ میں کام کرتے ہیں۔

عمران خان سے ملاقات کے لیے درخواست

قبل ازیں، بانی پی ٹی آئی کے وکیل عرفان نیازی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے درخواست دائر کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکلا کی ملاقات کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد بیرسٹر سلمان اکرم راجا، عرفان نیازی اور نعیم حیدر پنجوتھہ ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل روانہ ہوئے۔

یہ درخواست اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں سنی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *