Advertisement

“مجھے کیوں نکالا؟” شیر افضل مروت کے سوال پر ایوان میں قہقہے

قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رکنِ اسمبلی شیر افضل مروت نے اپنی پارٹی سے نکالے جانے پر سوال اٹھا دیا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسیوں کی مسلسل خلاف ورزی کے باعث نکالا گیا اور انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی کہا جائے گا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں شیر افضل مروت کی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے، جس پر اسپیکر نے مسکراتے ہوئے کہا، “آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا۔”

جب پی ٹی آئی کے اراکین چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں ایوان میں پہنچے تو شیر افضل مروت نے انہیں دیکھ کر “مجھے کیوں نکالا؟” کے نعرے لگائے۔

اس پر حکومتی اراکین نے بھی جوابی نعرے بلند کیے، جن میں “مروت کو کیوں نکالا، جواب دو” اور “ظالمو جواب دو، مروت کا حساب دو” شامل تھے۔ اس دوران بیرسٹر گوہر نے اپنے مائیک کے سامنے بانی پی ٹی آئی کی تصویر رکھ دی۔

پی ٹی آئی اراکین بانی پی ٹی آئی کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے پلے کارڈز ڈیسک پر رکھ دیے۔

شیر افضل مروت نے مختصر نکتہ اعتراض پر کہا، “میرا سوال اپنے ہی دوستوں سے ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟” اس پر حکومتی اراکین مسکرا دیے جبکہ تحریک انصاف کے اراکین خاموش رہے۔

بیرسٹر گوہر نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کا مطالبہ کیا تو شاہد خٹک نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ گنتی کے بعد کورم نامکمل پایا گیا، جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس سوموار کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *