Advertisement

پی ٹی آئی کی وضاحت: کل کا جلسہ صوابی تک محدود، ٹکراؤ کا کوئی منصوبہ نہیں

اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ کل کا جلسہ صرف صوابی میں ہوگا اور ہمارا کسی قسم کے انتشار یا ٹکراؤ کا کوئی ارادہ نہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں کیس کی سماعت کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری ضمانتیں مسلسل چل رہی ہیں، یہ ایک تلوار ہے جو ہم پر لٹکائی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جھوٹے کیسز کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ کل ہم صوابی جائیں گے اور ہر یونین کونسل میں لوگ احتجاج کریں گے۔ ہمیں قوی امید ہے کہ مولانا فضل الرحمن عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام فسطائیت کے خلاف ہیں اور مولانا فضل الرحمن ایک زیرک سیاستدان ہیں، وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے 26ویں ترمیم میں ووٹ دیا، یہ ان کی سیاست ہے، جبکہ ہم نے اس ترمیم کی مخالفت کی اور آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جہاں ہمارا تعاون ممکن ہوگا، وہاں ہم مولانا فضل الرحمن سے بھی تعاون لیں گے۔ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ہم ہر حال میں جمہوریت اور انسانی حقوق کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ پر ہونے والے ہر حملے کی مخالفت کریں گے، اور جو جہاں تک ہمارا ساتھ دے سکتا ہے، ہم اس کے شکر گزار ہوں گے۔

جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی نے ایک بار پھر دہرایا کہ کل کا جلسہ صرف صوابی میں ہوگا، جس کے لیے یونین کونسل اور تحصیل کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا، لیکن ہمارا کسی قسم کے انتشار یا تصادم کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کے لیے درخواست دی تھی، تاہم ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کل 8 فروری کو ایک بین الاقوامی کانفرنس اور کرکٹ میچ سمیت دیگر اہم پروگرام منعقد ہو رہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لیے ہزاروں اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *