بھارتی ٹیم کے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے پر بھارتی شائقین خوشی سے جھوم اٹھے اور پاکستان کے خلاف ٹرولنگ شروع کر دی۔
پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل کی میزبانی سے محروم ہو گیا، کیونکہ اب یہ اہم مقابلہ لاہور کے بجائے دبئی میں منعقد ہوگا۔ یہ فیصلہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے سبب ہوا، جس نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارت کے دباؤ پر آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل متعارف کرایا، جس کے تحت بھارت کے تمام میچز دبئی میں رکھے گئے۔ اس معاہدے میں یہ بھی طے پایا کہ اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو فیصلہ کن معرکہ بھی لاہور کے بجائے دبئی میں ہوگا، جس سے پاکستان کو ایک اور بڑی کرکٹ تقریب کی میزبانی سے محروم کر دیا گیا۔
بھارت کی آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں فائنل نہ ہونے پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین پاکستان کے خلاف منفی مہم چلا رہے ہیں۔ بھارتی صارفین طنزیہ انداز میں کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے نہ صرف آسٹریلیا بلکہ قذافی اسٹیڈیم کو بھی ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
دوسری جانب پاکستانی عوام اور کرکٹ حلقوں میں اس فیصلے پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر شائقین سوال کر رہے ہیں کہ کیا کھیل کو سیاست سے آزاد نہیں ہونا چاہیے؟
پاکستانی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ بھارت کی چالاکیوں کے باوجود پاکستان کرکٹ کا ایک اہم مرکز ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ وہ آئی سی سی پر دباؤ ڈال کر کرکٹ کو سیاست کی نذر کر رہا ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستان اپنی شناخت برقرار رکھے گا۔
لاہور میں فائنل نہ ہونے کے باوجود پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کر کے ثابت کر چکا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک محفوظ اور بہترین مقام ہے۔
Leave a Reply