Advertisement

“فراری سے رکشے پر” – محمد عامر کی رضوان کی کپتانی پر تنقید

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کپتان محمد رضوان کی قیادت میں تبدیلی کو “فراری سے رکشے پر آنے” کے مترادف قرار دیا۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ وہ ماضی میں ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں محمد رضوان کی کپتانی کی تعریف کرتے رہے ہیں، لیکن جب سے وہ قومی ٹیم کے کپتان بنے ہیں، واضح فرق دیکھنے کو ملا ہے۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی کپتانی کو “فراری سے رکشے پر آنے” سے تشبیہ دی جا سکتی ہے، جو کہ ایک غیر معمولی تبدیلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رضوان کے پاس پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں قیادت کا وسیع تجربہ تھا، انہوں نے اپنی ٹیموں کو کئی بار فائنل تک پہنچایا، لیکن اب ان کی کپتانی میں نمایاں فرق نظر آ رہا ہے۔ چونکہ میں اب ڈریسنگ روم کا حصہ نہیں ہوں، اس لیے نہیں جانتا کہ اندرونی معاملات کیا ہیں۔

محمد عامر نے کہا کہ محمد رضوان کو قیادت ملنے کے بعد امید تھی کہ وہ مثبت تبدیلی لائیں گے، لیکن چند مہینوں میں ایسا محسوس ہوا کہ وہ اپنی اصل سوچ اور انداز سے دور ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد رضوان نے گزشتہ سال اکتوبر میں وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی سنبھالی اور آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے خلاف تاریخی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کی، جہاں پاکستان کامیاب رہا۔ تاہم، مسلسل تین سیریز جیتنے کے بعد حالیہ سہ ملکی ہوم ون ڈے سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *