Advertisement

شاہد آفریدی کو بی پی ایل میں معاوضہ نہ مل سکا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے شکایت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر محمد فاروق کو ایک خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں معاوضے کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بی پی ایل کا شمار دنیا کی مشہور کرکٹ لیگز میں ہوتا ہے، مگر حالیہ سیزنز میں یہ لیگ اپنے کھیل کے بجائے ناقص انتظامات اور کھلاڑیوں کو معاوضے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ شاہد آفریدی بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں اب تک معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔

شاہد آفریدی نے بی پی ایل 2024 کے سیزن میں چٹاگانگ ٹائیگرز کے مینٹور کے طور پر ذمہ داریاں انجام دی تھیں، مگر تاحال انہیں ان کی خدمات کا معاوضہ نہیں ملا۔ اس معاملے پر انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرتے ہوئے بی سی بی کے صدر کو خط ارسال کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ بی پی ایل کی ایک فرنچائز نے انہیں معاہدے کے تحت منٹور مقرر کیا تھا، مگر معاہدے کے باوجود ان کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ رواں سال جنوری کے آغاز میں بی سی بی نے لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں کو معاوضے کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی تھی، مگر پاکستان سمیت کئی ممالک کے کھلاڑی اب بھی اپنے معاوضے کے منتظر ہیں۔

ان غیر ملکی کھلاڑیوں میں پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث بھی شامل ہیں، جو بی پی ایل میں ٹیم دربار راجشاہی کی نمائندگی کر رہے تھے۔ محمد حارث اور دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو معاوضے کے علاوہ واپسی کے ٹکٹ کی سہولت بھی فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث انہیں دو دن تک اضافی ہوٹل میں قیام کرنا پڑا۔

بی پی ایل میں کھلاڑیوں کو درپیش مالی مشکلات اور معاوضوں کی عدم ادائیگی کرکٹ لیگ کی ساکھ پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، اور کھلاڑیوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *