Advertisement

ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا دورۂ پاکستان، متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع

اسلام آباد: ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کے دورے کے دوران کئی اہم معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق، ولی عہد کے ہمراہ وزراء، اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد بھی موجود ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ابوظبی کے ولی عہد کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔

ذرائع کے مطابق، شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو نشانِ پاکستان سے نوازا جائے گا اور اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

ولی عہد ابوظہبی کی سپریم کونسل برائے مالیاتی و اقتصادی امور کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی اور ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بھی رکن ہیں۔

اس کے علاوہ، وہ نیشنل سیکیورٹی کے سربراہ اور ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مارچ 2023 میں انہیں ابوظہبی کا ولی عہد اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

پاکستان میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے تناظر میں ابوظبی کے ولی عہد کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *