قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مشتاق احمد نے وسیم اکرم اور وقار یونس کو کروڑوں روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کر دیا۔
مشتاق احمد نے نجی ٹی وی کے میزبان فخر عالم کو ایک ویڈیو پیغام بھیجا، جو ان کے پروگرام میں نشر کیا گیا۔ ویڈیو میں مشتاق احمد نے وسیم اکرم اور وقار یونس کی جانب سے کی گئی تنقید پر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا، “وسیم اکرم اور وقار یونس میرے سابق ساتھی ہیں، جن سے مجھے محبت ہے، لیکن وہ میری کوچنگ کا مذاق اڑاتے ہیں، اس لیے میں وقار یونس کو 20 کروڑ اور وسیم اکرم کو 15 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج رہا ہوں۔”
مشتاق احمد نے مزید کہا کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا بہت طاقتور ہو چکا ہے اور قانون بھی جدید ہو گیا ہے، اسی لیے ان کا وکیل جلد ہی دونوں کو قانونی نوٹس بھجوا دے گا۔
فخر عالم سے مخاطب ہو کر مشتاق احمد نے کہا، “وقار یونس کو بتا دیں کہ لڑائی قد سے نہیں بلکہ حوصلے اور بہادری سے ہوتی ہے، اس لیے میرے قد پر بات نہ کریں۔”
مشتاق احمد کی اس ویڈیو پر وسیم اکرم اور وقار یونس نے قہقہہ لگایا اور ہنستے ہوئے کہا، “مشی بھائی کی ویڈیو سے شو مزید دلچسپ ہو گیا!” دونوں نے مزاحیہ انداز میں کہا، “اب عدالت میں ملاقات ہوگی!”
Leave a Reply