Advertisement

عمران خان کا قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر اظہارِ برہمی

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب عہدوں پر سفارشی افراد کو بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہی کی طرف جائے گی۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کا سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا۔ انہوں نے قومی ٹیم کا میچ پی ٹی وی پر دیکھا اور شکست کے بعد اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سفارشی افراد کو عہدوں پر بٹھانے کا یہی انجام ہوتا ہے۔ انہوں نے محسن نقوی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے انہیں وزیراعلیٰ بنایا گیا، جہاں انہوں نے ناانصافی کی، پھر انہیں وزیر داخلہ بنا دیا گیا، اور اب کرکٹ کے معاملات بھی ان کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جس بھی عہدے پر محسن نقوی کو تعینات کیا گیا، وہاں تباہی مچ گئی، اور حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان میں کسی کے پاس اتنے عہدے نہیں جتنے محسن نقوی کے پاس ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اگر کسی باعزت شخص سے ایسی ناقص کارکردگی ہوتی تو وہ خود مستعفی ہو جاتا، مگر محسن نقوی ایسا نہیں کریں گے۔ ان کا سوال تھا کہ محسن نقوی کو کرکٹ کا کیا تجربہ ہے جو انہیں اس عہدے پر بٹھایا گیا؟

اس کے علاوہ، عمران خان نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب افواہیں پھیلانے کی کوشش ہے تاکہ لوگوں کو اصل مسائل سے ہٹایا جا سکے۔ علیمہ خان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس خبر پر ہنسے اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہفتے کے روز اپنے بچوں سے بات ہوئی تھی، جس سے اہلِ خانہ کو تسلی ملی کہ وہ خیریت سے ہیں۔ انہوں نے قاسم سوری کے حوالے سے بھی کہا کہ وہ ملک سے باہر ہیں، اس لیے ذرائع سے چلائی گئی خبروں اور براہِ راست ملاقات میں بہت فرق ہوتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *