Advertisement

مصطفیٰ قتل کیس:سندھ ہائیکورٹ نے قبر کشائی کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ کی درخواست منظور کی

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے رہائشی نوجوان مصطفیٰ کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ارمغان کو کل پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقتول کی قبر کشائی کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کی درخواست منظور کر لی۔

سندھ ہائیکورٹ میں مصطفیٰ قتل کیس کے سلسلے میں پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزم ارمغان کو کل صبح ساڑھے نو بجے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

سندھ ہائیکورٹ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے بھی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے انسداد دہشت گردی کورٹ کے منتظم جج کی جانب سے پولیس پارٹی کے خلاف مقدمہ کالعدم قرار دینے اور ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی اجازت دینے کی استدعا کی ہے۔

سٹی کورٹ میں مصطفیٰ قتل کیس کے سلسلے میں پولیس نے قبر کشائی کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کو درخواست دی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا، جس کے تحت قبر کشائی کے بعد مصطفیٰ کی لاش کا پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے کے نمونے لئے جائیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار مرکزی ملزم ارمغان کے بنگلے سے جدید اسلحہ برآمد ہوا۔ ملزم نے یہ اسلحہ کہاں سے حاصل کیا، اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کو ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ وہ اس بات کا سراغ لگائیں کہ ملزم نے کہاں سے اسلحہ خریدا۔

اے وی سی سی پولیس نے ملزم کے بنگلے سے برآمد ہونے والے لیپ ٹاپ میں موجود ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے لئے ایف آئی اے سے سفارش کی ہے تاکہ وہ اس کیس میں اے وی سی سی پولیس کی مدد کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *