نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کی جاری نسل کشی پر خاموش تماشائی نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو یقین ہے کہ سلامتی کونسل اس کے خلاف کارروائی میں ناکام رہے گی، جس کے نتیجے میں وہ بے خوف ہو کر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اگر اس وحشیانہ جنگ کو نہ روکا گیا تو دنیا بدترین صورتحال سے دوچار ہوسکتی ہے، جو تباہی اور تصادم کی لپیٹ میں آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، اسپتالوں، اسکولوں اور مساجد کو نشانہ بنایا، جو کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
مزید برآں، پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں جاری نسل کشی کو مغربی کنارے تک پھیلا دیا ہے، جہاں فوجی کارروائیاں اور حملے فلسطینی آبادی کو جبراً بےدخل کرنے کی کوشش ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث 90 فیصد سے زائد غزہ کی آبادی شدید بھوک کا شکار ہوچکی ہے، لہٰذا امدادی تنظیموں کو فوری رسائی دے کر فلسطینی عوام کو فاقہ کشی سے بچایا جائے۔
Leave a Reply