Advertisement

چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارتی میڈیا کا پی سی بی کو بھاری نقصان کا دعویٰ

بھارتی ذرائع ابلاغ نے پاکستان میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اخراجات کی تفصیلات شائع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے دوران پی سی بی کو 869 کروڑ روپے (85 ملین ڈالر) کا مالی خسارہ ہوا، جس کے باعث بورڈ نے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کٹوتی اور 5 اسٹار ہوٹلوں کی سہولت ختم کرنے جیسے سخت اقدامات کیے ہیں۔

سرمایہ کاری پر بھاری نقصان
بھارتی چینل “این ڈی ٹی وی” کے مطابق، پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے دوران اپنی سرمایہ کاری پر 85 فیصد کا نقصان برداشت کیا۔ پی سی بی نے تین میزبان شہروں، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر 18 ارب پاکستانی روپے (تقریباً 58 ملین ڈالر) خرچ کیے، جو ابتدائی بجٹ سے 50 فیصد زیادہ تھے۔

اس کے علاوہ، پی سی بی نے ایونٹ کی تیاریوں پر 40 ملین ڈالر کی اضافی رقم بھی خرچ کی، تاہم میزبانی فیس کے طور پر صرف 6 ملین ڈالر واپس ملے۔ مزید برآں، ٹکٹوں کی فروخت اور اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی انتہائی کم رہی۔

پاکستانی ٹیم کی کارکردگی
پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں صرف ایک میچ اپنے ہوم گراؤنڈ لاہور میں کھیلا، جہاں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد دبئی میں بھارت کے خلاف میچ میں بھی پاکستان کو شکست ہوئی، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ ان ناقص نتائج کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔

سخت مالی اقدامات
بھاری نقصان کے بعد پی سی بی نے متعدد کڑے فیصلے کیے ہیں، جن میں نیشنل ٹی 20 چیمپئن شپ کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 90 فیصد اور ریزرو کھلاڑیوں کی فیس میں 87.5 فیصد کمی شامل ہے۔

بھارتی میڈیا نے پاکستانی اخبار “ڈان” کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی نے حال ہی میں کھلاڑیوں کی میچ فیس 40,000 روپے سے کم کرکے 10,000 روپے کردی تھی، تاہم چیئرمین محسن نقوی نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے معاملے کی ازسرِ نو جانچ کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ، کھلاڑیوں کے لیے 5 اسٹار ہوٹلوں کی سہولت ختم کر دی گئی ہے اور اب انہیں اکانومی ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا۔

پی سی بی کا ردعمل
بھارتی میڈیا کے مطابق، پی سی بی کو درپیش مالی بحران نے پاکستانی کرکٹ کو ایک بار پھر مشکل میں ڈال دیا ہے، جس کے اثرات کھلاڑیوں اور بورڈ کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ تاہم، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *