رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران غذا کے انتخاب میں ذرا سی احتیاط برتی جائے تو یہ انسان کو صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس مقدس مہینے میں لذیذ اور ذائقے دار پکوانوں سے لطف اندوز ضرور ہوں، لیکن اعتدال اور احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں تاکہ صحت کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے العربیہ ڈاٹ نیٹ نے مصنوعی ذہانت کی مشہور ایپلیکیشن چیٹ جی پی ٹی سے رمضان میں خوراک کے بہترین نظام اور صحت مند غذا کے بارے میں سوال کیا۔
سحر و افطار میں متوازن غذا کی اہمیت
چیٹ جی پی ٹی کے مطابق، رمضان کے دوران ایسی خوراک پر توجہ دینا ضروری ہے جو جسم کو توانائی، نمی اور مکمل غذائیت فراہم کرے تاکہ روزے کے دوران جسمانی توانائی برقرار رہے اور کمزوری محسوس نہ ہو۔
سحری میں کیا کھایا جائے؟
سحری کا کھانا متوازن ہونا چاہیے تاکہ دن بھر جسم چست اور توانا رہے۔ ایسی غذاؤں کا انتخاب کریں جو دیرپا توانائی فراہم کریں اور جسم میں پانی کی سطح کو برقرار رکھیں تاکہ پیاس کے مسائل پیدا نہ ہوں۔
سحری میں شامل کیے جانے والی غذائیں:
- کمپلیکس کاربوہائیڈریٹس (جیسے جو، دلیہ، گندم کی روٹی)
- پروٹین (ابلا ہوا انڈہ، دہی، دودھ، چکن)
- صحت بخش چکنائی (ایواکاڈو، زیتون کا تیل، بادام)
- ریشہ دار غذائیں (تازہ پھل، سبزیاں)
- مناسب مقدار میں پانی اور مشروبات
سحری کے لیے چند متوازن آپشنز:
- جو کا دلیہ، خشک میوہ جات اور شہد کے ساتھ
- گندم کی روٹی، ایواکاڈو اور ابلا ہوا انڈہ
- ایک گلاس پانی میں لیموں یا پودینہ شامل کر کے پینا مفید ثابت ہو سکتا ہے
ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ سحری میں مناسب مقدار میں پانی پیا جائے۔ تاہم، بہت زیادہ یا بہت کم پانی پینے سے گریز کریں تاکہ صحت پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔
افطاری میں کن غذاؤں کا استعمال کیا جائے؟
دن بھر روزہ رکھنے کے بعد ایسی افطاری ضروری ہے جو فوری توانائی فراہم کرے اور جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرے۔ اس کے لیے درج ذیل غذائیں بہترین ہیں:
- کھجور اور پانی سے روزہ کھولیں
- کم چکنائی والا مرغی کا شوربہ یا دال
- مکس سبزیوں کا سلاد، جس پر زیتون کا تیل چھڑکا گیا ہو
- براؤن رائس کے ساتھ بھنی ہوئی سبزیاں
افطاری میں احتیاط:
- تلی ہوئی اور زیادہ چکنائی والی اشیاء سے پرہیز کریں تاکہ وزن میں اضافہ نہ ہو اور معدے پر بوجھ نہ پڑے۔
- مصنوعی مشروبات اور زیادہ میٹھے پکوانوں کا کم سے کم استعمال کریں۔
افطار اور سحری کے درمیان کیا کھایا جائے؟
غذائی ماہرین کا مشورہ ہے کہ افطاری کے چند گھنٹے بعد ہلکا پھلکا اور غذائیت سے بھرپور کھانا کھایا جائے، لیکن یہ چکنائی اور چینی سے بھرپور نہ ہو۔
درمیانی وقت میں کھانے کے لیے مفید اشیاء:
- خشک میوہ جات اور بیج
- تازہ پھل اور یونانی دہی
- قدرتی جوس اور ہلکے اسنیکس
رمضان کے دوران متوازن غذا کا استعمال صحت مند اور توانا رہنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے کھانے پینے میں اعتدال اور احتیاط کو اپنانا ضروری ہے۔
Leave a Reply