Advertisement

بھارت میں پیدائشی طور پر چار ٹانگوں والے نوجوان کی کامیاب سرجری

نئی دہلی: بھارتی ڈاکٹروں نے ایک 17 سالہ نوجوان کی کامیاب سرجری کرتے ہوئے اس کی دو اضافی ٹانگوں کو علیحدہ کر دیا، جو پیدائش سے ہی اس کے پیٹ سے جڑی ہوئی تھیں۔ یہ پیچیدہ آپریشن آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کے ماہر ڈاکٹروں نے انجام دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ڈاکٹر کرشنا نے بتایا کہ یہ نوجوان اتر پردیش کے ضلع بالیا سے تعلق رکھتا ہے اور 28 جنوری کو AIIMS لایا گیا تھا۔ اضافی ٹانگوں کی موجودگی سے اس کی جسمانی نشوونما متاثر ہو رہی تھی اور خطرہ تھا کہ وہ اس کے دیگر اعضا کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ نوجوان نے آٹھویں جماعت کے بعد تعلیم ترک کر دی تھی کیونکہ جسمانی مشکلات کے ساتھ ساتھ لوگ اس کا مذاق بھی اڑاتے تھے، جس کی وجہ سے اس کی ذہنی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔

ڈاکٹر کرشنا کے مطابق، اس قسم کے نایاب کیسز کو طبی اصطلاح میں “نامکمل پیراسائٹک جڑواں” کہا جاتا ہے۔ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جڑواں بچوں کی نشوونما کے دوران ایک کا جسم مکمل طور پر نہیں بنتا اور اس کے اعضا دوسرے بچے کے جسم سے جڑ جاتے ہیں۔ دنیا بھر میں ایسے صرف 42 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں کسی انسان کے جسم میں چار ٹانگیں موجود تھیں۔

AIIMS نئی دہلی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس تھا اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے کامیاب سرجری کے ذریعے نوجوان کی زندگی میں ایک نمایاں بہتری لائی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *